ویتنام کے رہنے والے گین ڈی ہئي کے لیے نیا سال نئی زندگی لے کر آیا جب بارہ گھنٹے تک جاری رہنے والے ایک آپریشن کے بعد ان کے دائیں پیر پر موجود نوے کلو کے ایک ٹيومر کو کامیابی نکال دیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گین ڈي ہئي کی عمر اکتیس سال ہے اور وہ چار سال کی عمر سے اس ٹيومر کے شکار تھے۔
ہوچی من شہر میں ’فرانس ویتنام‘ نامی ہسپتال میں ہوئے اس آپریشن پر کئی طبی ماہرین کی نظر تھی۔ آپریشن کرنے والے ڈکٹرز نے مریض سے آپریشن کی فیس اور دوسرے اخراجات نہیں لیے۔ کئی تنظیموں نے بھی ان کے علاج کے لئے پیسے اكٹھے کئے تھے۔
گین ڈي ہئي کے کُل وزن سے بھی بڑے اس ٹيومر کے کامیاب آپریشن کی خبر سن کر ان کے لواحقین خوشی سے رو پڑے۔
اس ٹيومر کے علاج کے لئے سترہ سال کی عمر میں گین ڈي ہئي کے پیر کے ایک حصے کو کاٹ دیا گیا لیکن اس کے باوجود ٹيومر کو مسلسل بڑھنے سے روکا نہیں جا سکا۔
اس ٹيومر کی وجہ سے وہ نہ چل سکتے تھے نہ بستر پر براہ راست لیٹ سکتے تھے۔
گین ڈي ہئی اب ایک آزاد زندگی کی خواہش میں ہسپتال سے چھٹی کا انتظار کر رہے ہیں۔