JAZBAPOST GALLERY
-
روزہ اور اسلام
-
روزے کی نیت جب کرے؟ »
سحری کھائے بغیر روزے کی نیت درست ہے »
سحری کھانا مستحب ہے، اگر نہ کھائی تب بھی روزہ ہوجائے گا »
سحری میں دیر اور افطاری میں جلدی کرنی چاہئے »
صبح صادق کے بعد کھاپی لیا تو روزہ نہیں ہوگا »
رات کو روزے کی نیت کرنے والا سحری کھاسکا تو بھی روزے ہوجائے گا »
مجبوری کے ایام میں عورت کو روزہ رکھنا جائز نہیں »
دوائی کھا کر ایام روکنے والی عورت کا روزہ رکھنا »
روزے کے دوران اگر” ایام “شروع ہوجائیں تو روزہ ختم ہوجاتا ہے »
غیر رمضان میں روزوں کی قضا ہے،تراویح کی نہیں »
چھوٹے ہوئے روزوں کی قضا چاہے مسلسل رکھیں ،چاہے وقفے وقفے سے »
عورت کے کفارے کے روزوں کے دوران ”ایام“ کا آنا »
کسی عورت کو دیکھنے یا بوسہ دینے سے انزال ہوجائے تو روزے کا حکم »
انجکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا »
روزہ دار نے زبان سے چیز چکھ کر تھوک دی تو روزہ نہیں ٹوٹا »
منہ سے نکلا ہوا خون مگر تھوک سے کم نگل لیا تو روزہ نہیں ٹوٹا »
روزے کی نیت جب کرے؟
س » رمضان المبارک کے روزے کی نیت کس وقت کرنی چاہئے؟
ج » بہتر یہ ہے کہ رمضان المبارک کے روزے کی نیت صبح صادق سے پہلے پہلے کرلی جائے۔
سحری کھائے بغیر روزے کی نیت درست ہے
س » میں آپ سے یہ معلوم کرنا چاہتی ہوں کہ روزے کی سحری کھانا ضروری ہوتا ہے یا نہیں؟
ج » روزے کے لئے سحری کھانا بابرکت ہے کہ اس سے دن بھر قوت رہتی ہے مگر یہ روزے کے صحیح ہونے کےلئے شرط نہیں ،پس اگر کسی کو سحری کھانے کا موقع نہیں ملا اور اس نے سحری کھائے بغیر روزہ رکھ لیا تو روزہ صحیح ہے۔
سحری کھانا مستحب ہے، اگر نہ کھائی تب بھی روزہ ہوجائے گا
س » سوال یہ ہے کہ کےا روزہ رکھنے کے لئے سحری کھانا ضروری ہے؟ اگر کوئی سحری نہ کھائے تو کیا اس کاروزہ نہیں ہوگا؟روزے کی نیت بھی بتلا دیجئے جس کو پڑھ کر روزہ رکھتے ہیں؟
ج » روزے کے لئے سحری کھانا مستحب اور باعث برکت ہے اور اس سے روزے میں قوت رہتی ہے۔اور سحری کھا کر یہ دعا پڑھنی چاہئے۔
سحری میں دیر اور افطاری میں جلدی کرنی چاہئے
س » ہمارے ہاں بعض لوگ سحری بہت جلدی کرتے ہیں اور افطاری کے وقت دیر سے افطار کرتے ہیں، کیا ان کا یہ عمل صحیح ہے؟
ج » سورج غروب ہونے کے بعد روزہ افطار کرنے میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔ آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ میری امت خیر پر رہے گی، جب تک سحری کھانے میں تاخیر اور ( سورج غروب ہونے کے بعد) روزہ افطار کرنے میں جلد کرتے رہیں گے۔
صبح صادق کے بعد کھاپی لیا تو روزہ نہیں ہوگا
س » روزہ کتنے وقت کے لئے ہوتا ہے؟ کیا صبح صادق کے بعد کھاسکتے ہیں؟
ج » روزہ صبح صادق سے لے کر سورج غروب ہونے تک ہوتا ہے ،پس صبح صادق سے پہلے پہلے کھانے پینے کی اجازت ہے ،اگر صبح صادق کے بعد کچھ کھایا پیا تو روزہ نہیں ہوگا۔
رات کو روزے کی نیت کرنے والا سحری کھاسکا تو بھی روزے ہوجائے گا
س » کوئی شخص اگر رات ہی کو روزے کی نیت کر کے سوجائے ،کیونکہ اس کو اندیشہ ہے کہ سحری کے وقت اس کی آنکھ نہیں کھلے گی تو کےا اس کا روزہ ہوجائے گا؟
ج » ہوجائے گا۔
س » اور اگر اتفاق سے اس کی آنکھ کھل جائے تو کیا وہ نئے سرے سے سحری کھا کے نیت کرسکتا ہے؟
ج » کرسکتا ہے۔
مجبوری کے ایام میں عورت کو روزہ رکھنا جائز نہیں
س » رمضان میں عورت جتنے دن مجبوری میں ہواس حالت میں روزے کھانے چاہئیں یا نہیں؟اگر کھائیں تو کیا بعد میں ادا کرنے چاہئیں یا انہیں؟
ج » مجبوری (حیض و نفاس) کے دنوں میں عورت کو روزہ رکھنا جائز نہیں بعد میں قضا رکھنا فرض ہے۔
دوائی کھا کر ایام روکنے والی عورت کا روزہ رکھنا
س » رمضان شریف میں بعض خواتین دوائیاں وغیرہ کھا کر اپنے ایام کو روک لیتی ہیں اس طرح رمضان شریف کے پورے روزے رکھ لیتی ہیں اور فخر یہ بتائی ہیں کہ ہم نے تو رمضان کے پورے روزے رکھے کیا ایسا کرنا شرعاً جائز ہے؟
ج » یہ تو واضح ہے کہ جب تک ایام شروع نہیں ہوں گے، عورت پاک ہی شمار ہوگی، اور اس کو رمضان کے روزے رکھنا صحیح ہوگا۔یہ رہا کہ روکنا صحیح ہے یا نہیں؟ تو شرعا ًروکنے پر کوئی پابندی نہیں مگر شرط یہ ہے کہ اگر یہ فعل عورت کی صحت کے لئے مضر ہوتو جائز نہیں۔
روزے کے دوران اگر” ایام “شروع ہوجائیں تو روزہ ختم ہوجاتا ہے
س » ماہ رمضان میں روزہ رکھنے کے بعد اگر دن میں کسی وقت ایام شروع ہوجائیں تو کیا اسی وقت روزہ کھل لینا چاہئے یا نہیں؟
ج » ماہواری کے شروع ہوتے ہی روزہ خود ہی ختم ہوجاتا ہے کھولیں یا نہ کھولیں۔
غیر رمضان میں روزوں کی قضا ہے،تراویح کی نہیں
س » ماہ رمضان میں مجبوری کے تحت جو روزے رہ جاتے ہیں تو کیا ان کو قضا کرتے وقت نماز تراویح بھی پڑھی جاتی ہے کہ نہیں؟
ج » تراویح صرف رمضان میں پڑھی جاتی ہے۔ قضائے رمضان کے روزوں میں تراویح نہیں ہوتی۔
چھوٹے ہوئے روزوں کی قضا چاہے مسلسل رکھیں ،چاہے وقفے وقفے سے
س » جو روزے چھوٹ جاتے ہیں ان کی قضا لازم ہے آج تک ہم اس سمجھ سے محروم رہے اب اﷲ نے دل میں ڈالی ہے تو یہ پتہ چلا تھا کہ مسلسل روزے رکھنا منع ہے کیا میں ایک دن چھوڑ کر ایک دن ہفتہ میں دو دن روزہ رکھ کر اپنے روزوں کی قضا کرسکتی ہوں؟ کیونکہ زندگی کا تو کئی بھروسا نہیں جتنی جلدی ادا ہوجائے بہتر ہے۔
ج » جو روزے رہ گئے ہوں ان کی قضا فرض ہے اگر صحت و قوت اجازت دےتی ہوتو ان کو مسلسل رکھنے میں بھی کوئی حرج نہیں بلکہ جہاں تک ممکن ہوجلد سے جلد قضا کرلینا بہتر ہے،ورنہ جس طرح سہولت ہو رکھ لئے جائیں۔
عورت کے کفارے کے روزوں کے دوران ”ایام“ کا آنا
س » ایک عورت نے رمضان میں جان بوجھ کر روزہ توڑ دیا۔اب کفارہ دینا تھا کفارے کے روزے شروع کئے تو درمیان میں ایام حیض شروع ہوگئے کیا اسے پھر سے روزے شروع کرنے ہوں گے؟
ج » کفارے کے ساٹھ روزے لگاتا رکھنا ضروری ہے، اگر درمیان میں ایک دن کا بھی ناغہ ہوگیا تو گزشتہ تمام روزے کا لعدم ہوجائیں گے اور نئے سرے سے شروع کر کے ساٹھ روزے پورے کرنے ضروری ہوں گے،
لیکن عورتوں کے ایام حیض کی وجہ سے جو جبری ناغہ ہوجاتا ہے وہ معاف ہے، ایام حیض میں روزے چھوڑے اور پاک ہوتے ہی بغیر وقفے کے روزہ شروع کردیا کرے یہاں تک کہ ساٹھ روزے پورے ہوجائیں۔
کسی عورت کو دیکھنے یا بوسہ دینے سے انزال ہوجائے تو روزے کا حکم
س » بغیر جماع کے انزال ہوجائے تو کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
ج » اگر صرف دیکھنے سے انزال ہوجائے تو روزہ فاسد نہیں ہوگا،لیکن لمس،مصافحہ اور تقبیل (بوسہ لینے ) سے انزال ہوجائے تو روزہ فاسد ہوجائے گا اور صرف قضا واجب ہوگی کفارہ لازم نہیں آئے گا۔
انجکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا
س » گزشتہ رمضان میں کانچ سے میرا ہاتھ زخمی ہوگیا تھا ۔زخم گہراتھا لہذا ڈاکٹر نے ٹانکے لگانے کے لئے ایک انجکشن بھی لگایا اور کوئی چیز بھی سنگھائی،پانی پینے کے لئے ڈاکٹر نے اصرار کےا مگر میں نے روزے کی وجہ سے پانی نہیں پیا ،وہاں سے فراغت کے بعد میں ایک مولوی صاحب کے پاس گیا جن سے ذکر کا کہ مجھے انجکشن دیا گیا اور پھر ٹانکے لگائے گئے تو انہوں نے کہا کہ تمہارا روزہ ٹوٹ گیا ہے خود ہی میرے لئے دودھ اور ڈبل روٹی لائے اور کہا کہ کھاﺅ اور میں نے کھالیا تو کیا اب اس روزے کے بدلے ایک روزے کی قضا ہوگی؟اور میرا یہ عمل ٹھیک ہوایا نہیں؟
ج » انجکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا لیکن آٰپ نے چونکہ مولوی صاحب کے فتوے پر عمل کیا ہے اس لئے آپ کے ذمہ صرف قضا ہے کفارہ نہیں۔
روزہ دار نے زبان سے چیز چکھ کر تھوک دی تو روزہ نہیں ٹوٹا
س » اگر کسی نے روزکے کی حالت میں کوئی چیز چکھ لی تو اس کے روزے کا کیا حکم ہے؟
ج » زبان سے کسی چیز کا ذائقہ چکھ کر تھوک دیا تو روزہ نہیں ٹوٹا۔مگر بے ضرورت ایسا کرنا مکر وہ ہے۔
منہ سے نکلا ہوا خون مگر تھوک سے کم نگل لیا تو روزہ نہیں ٹوٹا
س » ایک دفعہ رمضان کے مہینے میں میرے منہ سے خون نکل آیا اور اس میں اسے نگل گیا مجھے کسی نے کہا کہ تمہارا روزہ نہیں رہا۔کیا واقعی میرا روزہ نہیں رہا؟
ج » اگر خون منہ سے نکل رہا تھا اس کو تھوک کے ساتھ نگل لیا تو روزہ ٹوٹ گیا البتہ اگر خون کی مقدار تھوک سے کم ہواور حلق میں خون کا ذائقہ محسوس نہ ہوتوروزہ نہیں ٹوٹا۔

|
|
|
